اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ کشمیر کے بعد آسام سے مسلمانوں پر سکیورٹی فورسز کے مظالم کی ویڈیوز سامنے آئیں، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر میں ڈھائے جانیوالے مظالم پر کی جانیوالی گفتگو قابل ستائش ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم ایک بار پھر اقوام متحدہ کی توجہ ان مظالم کی طرف دلوائیں گے۔
خیال رہے مودی سرکار نے مسلم دشمنی میں تمام حدیں پار کر دیں۔ ریاست آسام میں دہائیوں سے رہائش پذیر بنگالی مسلمانوں کو غیر ملکی قرار دے کر بھارتی فورسز نے 800 گھروں پر بلڈوزر چلا دیئے۔ اپنے گھروں کو مسمار ہوتا دیکھ کر ایک شخص نے مزاحمت کی کوشش کی تو ظالم بھارتی فوجیوں نے براہ راست گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
بھارتی فورسز کی کارروائی کی کوریج کرنے والا صحافی بھی انتہا پسند نکلا، مسلمان کی لاش پر اچھلتا رہا، بھارتی فوجی تماشا دیکھتے رہے۔ مودی سرکار نے آسام اور دیگر مشرقی ریاستوں میں لاکھوں مسلمانوں کی شہریت منسوخ کر کے انہیں بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔