شاہ محمود کی پاکستانی نژاد برطانوی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات

Published On 27 September,2021 04:40 pm

لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی نژاد برطانوی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان ہاؤس لندن میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے نامور برطانوی پاکستانی رہنماؤں اور کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں پاکستانی کشمیری برادری کے مثبت کردار کی تعریف کی اور انہیں حکومت کی جانب سے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کیلئے کیے گئےاقدامات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت پاکستان نے معتبر بین الاقوامی ذرائع پر انحصار کرتے ہوئے حال ہی میں ڈوزیئر مرتب کیا اور اقوام متحدہ میں پیش کیا جس میں بھارتی قابض افواج کے 3 ہزار سے زائد جنگی جرائم کی تفصیل بیان کی گئی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر پر حالیہ مباحثے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر پر حالیہ مباحثے میں ایک بار پھر بھارتی قابض فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کیا گیا۔

انہوں نے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیر خارجہ نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک ان کی مکمل سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گارکھے گا۔
 

Advertisement