جنوبی وزیرستان: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 اہم کمانڈروں سمیت 10 دہشتگرد مار ڈالے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا، دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کرنے کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں 4 اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد ہوا، ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور حملوں میں بھی ملوث تھے۔ دہشت گرد ضلع جنوبی وزیر ستان میں دہشت گردی ارادہ رکھتے تھے، پاک فوج ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔