راولپنڈی: (دنیا نیوز) مصر میں 'برائٹ اسٹار 2021' کثیر القومی فوجی مشقوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی دستے نے 2009 کے بعد پہلی بار حصہ لیا، علاقائی خطرات سے نمٹنے کی مشقیں دو ہفتے جاری رہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق علاقائی ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر مرکوز تھی۔ محمد نجیب ملٹری بیس میں ہونیوالی مشقوں میں 30 ممالک نے حصہ لیا۔ یواے ای، امریکا، مصر، برطانیہ، سعودی عرب، عراق، فرانس، بحرین، کینیا کے دستوں نے حصہ لیا۔ کویت اور یونان سمیت دیگر ممالک نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کی اختتامی تقریب ناگیب ملٹری بیس میں ہوئی، جس میں انجینئرانچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز، مصری وزیر دفاع اور کمانڈرانچیف جنرل محمد ذکی نے شرکت کی، 20 ممالک کے فوجی حکام، یو ایس سینٹ کام نے مشترکہ تربیت کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹرز، ٹینکوں سمیت مختلف ہتھیاروں کی فائرنگ شامل تھی۔