کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے عمران خان کے دور حکومت میں عوام ریلیف اور اچھی خبر سننے کے لئے ترس گئے ہیں، ملک میں لوٹ مار سیل جاری ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ خان صاحب نے اپنا تین سالہ دورِ اقتدار صرف عوام کا تیل نکالنے پر ضائع کر دیا، فائدہ صرف اے ٹی ایمز کو دیا، عمران خان کو وسیع تر قومی مفاد میں ایک اور یوٹرن لینا چاہیئے، اپنی پالیسیوں کو 180 ڈگری پر موڑ دیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور عائد اضافی ٹیکس واپس لئے جائیں۔
دوسری جانب سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تباہی سرکار پٹرول بم گرا رہی ہے، حکومت عوام پر کچھ تو رحم کرے، پٹرول کی فی بیرل قیمت 75 ڈالر ہے لیکن حکومت عوام کو 127 روپے لٹر بیچ رہی ہے، پیپلز پارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل تھی اور ملک میں پٹرول کی قیمت 113 روپے تھی، حکومت آئی ایم ایف کے سامنے جھک گئی، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔