کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے پاک بحریہ ڈاک یارڈ کا دورہ کیا جس کے دوران آبدوز حمزہ کا معائنہ کیا، وزیر داخلہ کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک بحریہ ڈاک یارڈ کراچی کا دورہ کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ایڈمرل نوید اشرف نے ڈاک یارڈ پہنچنے پر وزیر داخلہ کااستقبال کیا۔ وزیر داخلہ کو پاک بحریہ کی آپریشنل طاقت اور نیول آپریشن کے مختلف پہلوؤں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کوآبدوز حمزہ کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ شیخ رشید احمد نے سب میرین کے مختلف حصے دیکھے؛ نیول افسران سے آپریشنز سے متعلق تفصیلات لیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر انتہائی اعتماد کا اظہار کیا اور کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ جنگ ہو یاامن دونوں صورتوں میں پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔