اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کیوی کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرانے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے لے آیا۔ وفاقی وزیر اطلاعا ت فواد چودھری نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو فیک آئی ڈی کے ذریعے دھمکیوں بھرے پیغامات بھارت سے بھیجے گئے، مہمان ٹیم کو دھمکیاں دینے کیلئے احسان اللہ احسان کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ استعمال کیا گیا۔
وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دورہ نیوزی لینڈ منسوخ ہونے سے متعلق حقائق پیش کئے، ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو فیک آئی ڈی کے ذریعے دھمکیوں بھرے پیغامات بھارت سے بھیجے گئے، مقدمہ درج کرکے ایف آئی اے حکام انٹرپول سے رابطہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنڈے گارڈین نے نیوزی لینڈ ٹیم کے دورے کے خلاف دھمکی آمیز آرٹیکل لکھا، نیوزی لینڈکے اوپنر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی، اس ای میل اکاؤنٹ سے ابھی تک صرف ایک ہی ای میل بھیجی گئی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ یہ پاکستان ہی نہیں عالمی کرکٹ کے خلاف سازش تھی، نیوزی لینڈ کو چاہیے کہ ملنے والے تھریٹ کو پاکستان سے شیئر کرے، نیوزی لینڈ کی اتنی فوج نہیں جتنی ہم نے ان کی ٹیم پر سکیورٹی کیلئے لگائی۔ برطانیہ نے دورہ منسوخ کرنے کے لئے کھلاڑیوں کی تھکاوٹ کا بہانہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم زندہ قوم ہیں، ہمیں تنہا نہیں کیا جا سکتا۔ جو سمجھتے ہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے واپس جانے سے پاکستان تنہا ہو جائے گا وہ غلطی پر ہیں۔ اب آسٹریلیا کو بھی ایک جعلی تھریٹ ای میل مل جائےگی، نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ منسوخ کرنے کے دن ہی کہہ دیا تھا اب انگلینڈ کی ٹیم بھی نہیں آئے گی۔