اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ سیاست سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لیں۔
یہ انکشاف انہوں نے ایک خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ سوچ رہے ہیں کہ اب سیاست سے ریٹائرمنٹ اختیار کرتے ہوئے اس سے کنارہ کشی اختیار کر لی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ میں تو 2018ء کے الیکشن میں بھی حصہ نہیں لینا چاہتا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ رشید اب اسمبلی میں نہیں ہوگا، اس کے بعد میں نے انتخابی میدان میں اترا اور اللہ کی مدد سے کامیاب ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کا عہدہ چیلنج سے بھرپور اور انتہائی حساس ہے۔ ریلوے کے مقابلے میں یہاں 18، 18 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ یہاں روزانہ کوئی نہ کوئی واقعہ ہے۔
اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں ریٹائرمنٹ کا سوچ رہا ہوں۔ اگر مجھے تنگ نہ کیا گیا تو ہو سکتا ہے کہ میں آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لے سکوں۔ تاہم ابھی اگلے الیکشن میں دو سال پڑے ہیں۔
خیال رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید 1985ء سے مسلسل رکن قومی اسمبلی منتخب ہو رہے ہیں۔