لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا۔
جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے میاں محمد شفیع کی قیادت میں ارکان پنجاب اسمبلی کے وفد نے گورنر ہاؤس میں چودھری پرویز الہی سے ملاقات کی۔ وفد میں ارکان پنجاب اسمبلی محمد شفیق، آصف مجید، رئیس نبیل احمد شامل تھے جبکہ ملاقات میں جی ایم سکندر اور نعیم شفیق سابق رکن ضلع کونسل رحیم یار خان بھی موجود تھے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میرے دور حکومت میں جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیاں دور کرنے کیلئے عوامی فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے جو آج تک کامیابی چل رہے ہیں، آئندہ بھی اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو انشاء اللہ ترقی کا سفر بلاامتیاز جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو بری طرح نظرانداز کیا، بجٹ میں وہاں کیلئے فنڈز کا اعلان تو کیا جاتا تھا لیکن بعد فنڈز لاہور ٹرانسفر کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کو محروم رکھا گیا۔
میاں محمد شفیع اور دیگر ارکان اسمبلی نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ جنوبی پنجاب کیلئے آپ کی خدمات قابل تعریف ہیں، جنوبی پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کے کاموں کو آج بھی بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔