پاکستان پرامن افغانستان کے حق میں ہے: چودھری شجاعت حسین

Published On 16 August,2021 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ پاکستان پرامن افغانستان کے حق میں ہے۔ سپکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کہتےہیں کہ افغانستان میں امن ہو گا تو خطے میں امن ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سے جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ نے ملاقات کی، ملاقات میں رکن قومی اسمبلی سالک حسین، فرسٹ سیکرٹری کرسچن بوچر بھی شریک ہوئے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگوکی، بین الاقوامی سیاست خصوصاً افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے، افغان صورتحال امن کی طرف بڑھنی چاہیے، حالات پر نظر ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ باہمی دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جرمنی اور پاکستان کے تعلقات شروع سے ہی دوستانہ رہے ہیں، امید ہے جرمنی مسئلہ کشمیر کے حل سمیت خطے میں امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کاکہناتھاکہ افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان سمیت پورے خطے میں امن ہو گا، پاکستانی حکومت اپنی معیشت کو مضبوط کرنے اور دیگر ممالک کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے، یورپی یونین میں جرمنی سب سے بڑی معیشت کا درجہ رکھتا ہےجرمن ٹیکسٹائل مشینری نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹیفن کاکہناتھاکہ پاکستان خطے کا بڑااہم اور ذمہ دار ملک ہے، جرمنی پاکستان کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

Advertisement