برسلز: (دنیا نیوز) گورنرپنجاب چودھری سرور نے برسلز میں تحریک انصاف کے یورپ کے لئے سیکرٹریٹ کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں ای یو پاک فرینڈشپ کے چیئرمین پرویزاقبال لوسر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام تحریک انصاف بیلجیم کے چیف کوارڈینٹر غلام ربانی اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے پرامید ہیں، یورپی ارکان پارلیمنٹ کو حقائق بارے اعتماد میں لیں گے۔
چودھری سرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، وزیراعظم عمران خان خود اوورسیز کے ایشو کے حل کے لئے نوٹس لیتے ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، ان کی کاوشوں کی وجہ سے ملک کا امیج بہتر ہوتا ہے، اوورسیز ملک چلا رہے ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔