اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کی تقریب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی، رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے ذریعے پوری دنیا کو آپ ﷺ کی سیرت کی آگاہی دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیش رفت اور 12 ربیع الاول کی تیاریوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء فواد احمد چوہدری، پیر نور الحق قادری، شفقت محمود، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، ڈاکٹر ارسلان خالد اور سینیٹر فیصل جاوید نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو رحمتہ اللعالمین سکالرشپ کے حوالے سے بھی بریف میں بتایا گیارحمتہ اللعالمین سکالر شپ طلباء و طا لبات کو نیڈ بیس اور میرٹ بیس پر دیا جائے گا. سکالر شپ حضور ﷺ کی حیات اور سیرت پر تحقیق کرنے والے طلباء اور طالبات کیلئے مختص کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کے ذریعے نوجوان نسل کو مسلمانوں کی تاریخ اور اسلامی انقلاب کے پہلوؤں سے روشناس کرایا جائے گا۔ 12 ربیع الاول کی تقریب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی. رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے ذریعے پوری دنیا کو آپ ﷺ کی سیرت کی آگاہی دی جائے گی۔