لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کیخلاف غیر ملکی اثاثے ڈکلیئر نہ کرنے پر ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹسز تاحکم ثانی معطل کر دیئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف بی آر اور وفاقی حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس شاہد کریم نے علی ترین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سیکرٹری ریونیو ڈویژن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایف بی آر نے 3 کروڑ 36 لاکھ 38 ہزار 602 برطانوی پاؤنڈز کے اثاثے ڈکلیئر نہ کرنے کا نوٹس بلا جواز بھجوایا، اثاثوں کی ڈیکلریشن کا معاملہ پہلے ہی ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ 2018ء کی انکم ٹیکس ریٹرن میں تمام غیر ملکی اثاثوں کو ڈکلیئر کر رکھا ہے، ایف بی آر نے بد نیتی کی بنیاد پر اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا، ایف بی آر نے والد کے بیرون ملک اثاثوں سے مستفید ہونے کا بے بنیاد الزام عائد کیا اور اظہار وجوہ نوٹس بھجوانے سے قبل انکم ٹیکس آرڈیننس کے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔