وزیراعلی پنجاب کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار

Published On 20 October,2021 11:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی عثمان بزدار نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا، بعض علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور اکیلے ہی بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے فیروز پور روڈ، ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، کالج روڈ، اکبر چوک اور دیگر علاقوں میں صفائی کے انتظامات مشاہدہ کیا۔

عثمان بزدار نے بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کی صورتحال کے بارے کچھ عرصے سے شکایات مل رہی تھیں، صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صفائی کے پلان کی ڈیلی مانیٹرنگ کی جائے، متعلقہ حکام لاہور شہر کو صاف کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول دینا ہماری ذمہ داری ہے۔
 

Advertisement