مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں دو مختلف حادثات میں 4بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع آٹھ مقام کے بالائی علاقہ گریس ویلی تاوبٹ سے کیل جانے والی مسافر کوسٹرRIV180 جانوئی کے مقام سے سڑک کی ناگفتہ بہہ صورتحال کی وجہ سے دریائے نیلم میں جا گری ہے۔حادثہ چھ بجے کے قریب پیش آیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق مسافر کوسٹر دریائے نیلم میں ڈوب گئی ہے۔ تین لاشیں نکال لی گئی ہیں، 17زخمیوں کو ٹی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔ علاقہ میں بجلی اور موبائل سروس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔ پولیس اور فوج بھی امدادی کاروائیوں کے لئے جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری طرف راولاکوٹ میں ٹرک سے تصادم کے بعد سکول وین کھائی میں جا گری، حادثے میں 4 بچے جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ راولاکوٹ کے قریب کھائیگلہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب ٹرک کی بریک فیل ہونے سے وہ سکول وین سے ٹکرا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں دو بچیاں شامل تھیں، تین زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔