کوئٹہ: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جام کمال خان اب اپنا اعتماد کھوچکے ہیں۔ اقتدار سے چمٹے رہنما انکے شایان شان نہیں ہے
کوئٹہ میں سپیکر قدوس بزنجو کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو میں کسی کے پاس بھی اسے منانے نہیں گیا اور خود اس تحریک عدم اعتماد سے قبل استعفیٰ دے دیا اسمبلی میں کھڑے ہوکر کہا کہ عزت سے آئے ہیں عزت سے ہی جائیں گے
انہوں نے کہا کہ میں جام کمال خان کو بھی مشورہ دیتا ہوں کہ وہ استعفیٰ دے دیں کیونکہ اقتدار سے چمٹے رہنا انکے شایان شان نہیں ہے سیاست میں کل کے دوست آج کے دشمن اور آج کے دوست کل کے دشمن ہوتے ہیں تاہم بلوچستان کی روایات کی پاسداری اسی میں ہے کہ منصب کی بجائے ذاتی حیثیت کو ترجیح دی جائے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت بچانے کیلئے جام کمال نے خواتین کا بھی خیال نہیں رکھا جمہوری طریقہ کار کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جام کمال سے ذاتی اختلاف نہیں تاہم ان کے طرز حکمرانی پر اعتراض ہے حکومت کا کام ہوتا ہے کہ اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلا جائے۔