اسلام آباد:(دنیا نیوز)بھارت کے خلاف ٹی 20ورلڈ کپ میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر وزیراعظم ،صدر مملکت سمیت دیگر حکومتی و سیاسی شخصیات نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی اور لکھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اور کپتان بابر اعظم کو مبارک ہو، بابر اعظم نے ٹیم کو بہتر طور پر لیڈ کیا۔
عمران خان نے کہا کہ شاہین آفریدی اور محمد رضوان نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ پوری قوم کو آپ سب پر فخر ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 24, 2021
صدر پاکستان
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی پاکستان کی جیت پر مبارکباد دی اور کہا کہ 10 وکٹ سے میچ جیتا،ہمیں ٹیم پر فخر ہے جبکہ پاک بھارت میچ میں بہترین کھیل دیکھنے کو ملا۔
شیخ رشید کا بڑا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اور قوم کو میچ جیتنے کی مبارکباد، روایتی حریف سے میچ تھا، ہمارا فائنل آج تھا، پوری قوم کو فتح مبارک ہو، پاکستانی ٹیم نے پوری جرات سے ولولے اور بہادری سے میچ جیتا۔
شیخ رشید نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کنٹینرز ہٹا دیں، لوگوں کو جشن منانے دیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ پہلا پاک بھارت میچ ہے جو گراؤنڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھ سکا، مجھے احساس ذمہ ساری اور قومی فریضہ کی وجہ سے میچ دیکھے بغیر ملک واپس آنا پڑا، ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ آج ہماری ٹیم نے سب کے دل جیت لئے اور یہ امت مسلمہ کی فتح ہے۔
شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ شاہینوں نے یادگار کھیل کا مظاہرہ کر کے پوری قوم کے دل جیت لیے جبکہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی سمیت پوری ٹیم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آئندہ آنے والے میچز میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے کرکٹ ٹیم کی فتح ہوئی ، ثابت ہوا کہ ہمارے کرکٹ کھلاڑی مد مقابل ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آصف زرداری نے فتح پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مبارکباداور کہا کہ شاندار کارکردگی پر پاکستانی ٹیم کو شاباش۔
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں قومی ٹیم کی فتح پر قوم کو مبارک باد اور کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر قومی ٹیم نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا،یہ وقت ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک اپنی ٹیم بھیج کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
شہباز شریف
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے بھی انے جوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا میچ تھا، دونوں ٹیموں میں جوڑ کا میچ ہی نہیں تھا،پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد، ویل ڈن گرین ٹیم۔
یوسف رضا گیلانی
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے بھارت کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میچ میں قومی ٹیم کی فتح پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر قومی ٹیم نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک اپنی ٹیم بھیج کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان میں سپورٹس کی پروموشن کی ہے جبکہ ہمارے دور میں نوجوانوں کھلاڑیوں کو آگے لانے میں کردار ادا کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پاک انڈیا میچ میں شاندار کامیابی پر پاکستانی ٹیم اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی مزید کامیابیوں کے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی شاندار رہی۔