سرینگر: (دنیا نیوز) آج دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کے 74 سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منارہے ہیں۔
جموں و کشمیر میں عوامی بغاوت سے خائف مہاراجہ کی ایماء پر ریاستی عوام کے حق خودارادیت کو پامال کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے اپنی فوجیں سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتاریں اور ریاست کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا۔ کشمیری عوام ہرسال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
کشمیری عوام نے بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کے نئے دور کی بنیاد رکھی جبکہ حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی تاریخ کرڈالی۔
آج یوم سیاہ کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر بھارتی قبضے کے خلاف جلسے اور ریلیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔