پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں علمائے کرام کو اعزازیہ نہ مل سکا۔ ایک سال گزرنے کے باوجود اقدامات نہ اٹھائے جاسکے۔ صوبہ بھر میں 16 ہزار سے زائد آئمہ کرام اور اقلیتی برادری کے 200 سے زائد آئمہ کو ماہانہ اعزازیہ دیا جانا تھا۔
صوبائی حکومت نے گزشتہ سال صوبے بھر میں علماء اور مساجد کے آئمہ کرام کو ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان تو کر دیا لیکن اس پر تاحال عملدرآمد نہ ہوسکا۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے معاملات التواء کا شکار ہوگئے۔ علمائے کرام کا کہنا ہے کہ حکومت وظیفے کی فراہمی کو جلد یقینی بنائے۔
معاون خصوصی برائے حج، اوقاف اورمذہبی امور ظہور شاکر کا کہنا ہے کہ اعزازیہ کی فراہمی سے متعلق معاملات حل کرلیے گئے ہیں، جلد فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ خیبرپختونخوا میں 16 ہزار آئمہ کرام اور 200 سے زائد اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں کو اعزازیہ دیا جائے گا۔