پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے پرچوں کے قبل از وقت آؤٹ ہونے کے معاملات کے بعد مختلف نجی انٹری ٹیسٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، آئندہ اساتذہ کی بھرتیاں محکمہ تعلیم کے تحت لی جائینگی۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں محکمہ تعلیم سمیت دیگر مختلف محکموں میں بھرتیوں کے لئے ہونے والے پرچوں کے قبل ازوقت آوٹ ہونے کی شکایات کے مستقل حل کے لیے اب داخلہ ٹیسٹ نہیں ہوگا۔ صوبہ بھر میں نئے اساتذہ کی بھرتیاں اب محکمانہ بنیادوں ہر ہوں گی۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا ہے کہ معاملات زیر غور ہیں۔
بھرتی کے لیے ٹیسٹ پرچوں کے آؤٹ ہونے پر نوجوان بھی مایوسی کا شکار ہیں۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ حکومت بھرتیوں کے لیے ہونے والے ٹیسٹوں کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے۔ سرکاری حکام کے مطابق محکمہ تعلیم میں 6 ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر بھرتیاں آئندہ مہینے سے شروع کر دی جائینگی۔
سرکاری اسکولوں میں بھرتی کے لیے انٹری ٹیسٹ کے خاتمے کا فیصلہ اپنی جگہ درست ہے تاہم محکمانہ بنیادوں پر ہونے والی بھرتی میں بھی میرٹ اور شفافیت کو مد نظر رکھنا اہم ہے۔