پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں سرکاری نرخنامے پرعملدرآمد اور اشیائے خورونوش کی چیکنگ میں مسائل آڑے آ گئے، متعلقہ محکموں کو اسٹاف کی کمی کے باعث سرکاری احکامات پرمکمل عملدرآمد نہ ہو سکا، شہریوں نے ٹھوس منصوبہ بندی کا مطالبہ کر دیا۔
پشاور میں اشیائے خورونوش کی چیکنگ سمیت گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں برائے نام رہ گئیں، متعلقہ محکموں کو روک تھام میں مسائل کا سامنا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں اشیائے خورونوش کے الگ الگ نرخ خود ساختہ طور پر مقررکیے گئے ہیں، دکانداروں نے سرکاری نرخنامے کو یکسر نظر انداز کردیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلیے اقدامات اٹھائے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرخوراک کا کہنا ہے کہ اسٹاف کی کمی کے باعث کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ علاقوں کو کور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شہر کے چار ٹاونز میں روٹی ،دودھ اور دہی سمیت دیگر ضروری اشیاء کے نرخ الگ وصول کیے جارہے ہیں۔