کورونا وائرس کی چوتھی لہر: خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

Published On 16 September,2021 12:06 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ پشاور کے بڑے اسپتالوں میں یومیہ آکسیجن کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگیا۔ سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آکسیجن کا یومیہ استعمال 12 ہزار لٹر تک پہنچ گیا۔

پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں یومیہ آکسیجن کا استعمال 6 ہزار لیٹر سے بڑھ کر 7 ہزار 500 لیٹر ہوگیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسٹوریج پلانٹ میں ذخیرہ 20 ہزار لیٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 25 ہزار لیٹر آکسیجن کی گنجائش ہے، اسپتال میں یومیہ 12 ہزار لیٹر آکسیجن استعمال ہو رہی ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی آکسیجن کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے، اسپتال میں روزانہ 6 ہزار 500 لیٹر آکسیجن استعمال ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی چوتھی لہر میں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں میں بروقت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار 587 ہوگئی جبکہ ایک دن میں 400 کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
 

Advertisement