پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ٹریفک مسائل کی بنیادی وجہ جنرل بس اسٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے، بس اڈے کے مقام پر میگا بزنس سنٹر قائم کیا جائیگا۔
پشاور میں ٹریفک مسائل میں اضافے کی اہم اور بڑی وجہ جی ٹی روڈ پر جنرل بس اسٹینڈ ہے جس کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے۔
شہر کی بڑی اور مصروف شاہراہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک مسائل کو ختم کرنے کے لیے جنرل بس اسٹینڈ کو چلغپورہ منتقل کیا جائیگا جہاں 300 کنال اراضی حاصل کرلی گئی ہے، معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ بس اڈے کے مقام پر میگا بزنس سنٹر بنایا جائیگا جہاں کاروبار سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے حاصل ہونگی۔
شہریوں نے بھی جنرل بس اسٹینڈ کو ٹریفک جام کی بنیادی وجہ قرار دے دیا، شہری کہتے ہیں کہ شہر میں قائم دیگر سرکاری عمارتوں کو بھی شہری حدود سے باہر منتقل کیا جائے۔ شہر میں قائم بڑے بس اڈوں کی منتقلی سے ٹریفک کے مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی۔