خیبرپختونخوا میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کا منصوبہ دو محکموں کے درمیان لٹک گیا

Published On 28 September,2021 11:06 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کا منصوبہ دو محکموں کے درمیان لٹک گیا۔ محکمہ صحت اور محکمہ خوراک کے درمیان مسائل کے باعث منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔

پشاور سمیت صوبہ بھر میں اشیائے خورونوش کا معیار اور ملاوٹ کی چیکنگ کے لیے محکمہ صحت اور محکمہ خوراک کے درمیان فوڈ لیب کی عمارت سے متعلق مسائل کے باعث معاملات الجھ گئے۔

کھانے پینے کی اشیاء کا معیار اور ملاوٹ چیک کرنے کے لیے پشاور میں جدید لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ایک سال گزرنے کے بعد لیبارٹری کی عمارت پرکام مکمل نہ ہوسکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے اقدامات اٹھائے۔

شہر بھر میں اشیائے خورونوش کی چیکنگ کے لیے کارروائیاں تو کی جاتی ہیں تاہم اس کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہو رہے۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان کا کہنا ہے کہ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے متعلق دو محکموں میں معاملات حل کر لیے گئے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق اسٹیٹ آف دی آرٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیب رواں سال دسمبر میں مکمل ہوجائیگی، جس سے اشیائے خورونوش کا معیار مزید بہتر اور یقینی ہوگا۔
 

Advertisement