کراچی: (دنیا نیوز) نسلہ ٹاور کے بعد تجوری ہائٹس کا نمبر، سپریم کورٹ نے کراچی میں ایک اور عمارت گرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریلوے اراضی پر قائم تجوری ہائٹس کے رہائشیوں کو 3 ہفتوں میں متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
نسلہ ٹاور کے بعد کراچی کی ایک اور بڑی عمارت کیخلاف فیصلہ آگیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تجوری ہائٹس کو ایک ماہ میں مسمار کرنے کا حکم دیا۔
تجوری ہائٹس کے وکیل رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سروے نمبر 190 پر قبضہ تھا، اس لئے سروے نمبر 188 میں متبادل زمین لی۔ عدالت کا کہنا تھا آپ کو سروے نمبر 190 کے بجائے 188 کی سیل ڈیٹ کروانی چاہیئے تھی۔
سماعت کے دوران رضا ربانی کہنے لگے میرے موکل جگہ خالی کرنے کو تیار ہیں۔ الاٹیز سے معاملات حل کرنے اور اسٹرکچر منہدم کرنے کیلئے مہلت چاہئے۔ لارجر بینچ نے گلشن اقبال میں ریلوے اراضی پر قائم عمارت کے رہائشیوں کو 3 ہفتوں میں متبادل جگہ فراہم کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے بلڈر کو ریکارڈ اور دیگر سامان نکالنے کی اجازت اور کمشنر کراچی کو انہدام کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ عدالتی احکامات کے مطابق ایک ماہ میں اسٹرکچر گرانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ عدالت نے الاٹیز کو تین ماہ میں معاوضہ ادا کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ کمشنر کراچی اور بلڈر سے اسٹرکچر منہدم کر کے رپورٹ مانگ لی۔