کوئٹہ:(دنیا نیوز) نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق گورنر ہاؤس بلوچستان میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نومنتخب وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو سے گورنر سید ظہور آغا نے حلف لیا۔
تقریب میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری شریک ہوئے جبکہ حلف برداری کی تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز بھی شریک ہوئے ،تقریب میں عمائدین اور اعلیٰ سول حکام سمیت اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں نومنتخب وزیراعلیٰ نے جھاڑو پکڑ کر صفائی مہم کا آغاز کیا، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمان بلوچ ،ایم پی اے سردار عبد الرحمان کھیتران،حمل کلمتی نصراللہ زیرے بھی صفائی مہم میں موجود تھے۔
اس موقع پر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ دکھاوے کے لئے نہیں عملی کام کے لئے آئے ہیں،شہر ہم سب کا ہے ،عوام تعاون کریں،صوبے کے ہر شہر کو صاف ستھرا رکھیں گے ۔