کوئٹہ:(دنیا نیوز)بلوچستان میں سیاسی بحران کے باعث وزیراعلیٰ جام کمال نے استعفیٰ دے دیا جس کےبعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوگئی ہے۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیاسی بحران شدت اختیار کرچکا ہے جس کے نتیجے میں ناراض ارکان اور اپوزیشن کو بڑی کامیابی ملی ہے اور وزیراعلیٰ جام کمال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں مذاکرات کے بعد استعفیٰ گورنر کو پیش کردیا جس کو منظور کرلیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ بہت سی سوچی سمجھی سیاسی رکاوٹوں کے با وجود میں نے بلوچستان کی مجموعی حکمرانی اور ترقی کے لئے اپنا وقت اور توانائی کو ایک سمت میں رکھا ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انشااللہ احترام کے ساتھ چھوڑنا چاہوں گا اور خراب حکمرانی کی تشکیل کے ساتھ ساتھ ان کے مالیاتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنا چا ہونگا۔
— Jam Kamal Khan (@jam_kamal) October 24, 2021
قبل ازیں آج وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا کو بلوچستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے روکیں۔
جام کمال نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وفاقی وزرا پی ٹی آئی بلوچستان کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیں، میں نے اپنا اختیار اپنے گروپ بی اے پی کے اراکین اور اتحادیوں کو دیا، موجودہ منظرنامےمیں جوبھی بہتر ہو گا وہ فیصلہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ناراض ممبران سےحکومت بنتی ہے تو اپوزیشن میں بیٹھنے کو تیار ہیں، اقتدار اور لالچ کے بھوکے اپنا یہ شوق بھی پورا کرلیں، صوبے کو آنیوالے دنوں میں جو بھی نقصانات ہونگے اس کے ذمہ دار ناراض گروپ اور چند مافیاز ہونگے۔