این اے 133میں ضمنی الیکشن ملتوی کیا جائے:محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست

Published On 29 October,2021 08:14 pm

لاہور:(دنیا نیوز )محکمہ داخلہ پنجاب نے این اے 133 میں الیکشن ملتوی کروانے کی درخواست کردی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط ارسال کیا گیا جس میں ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے این اے 133 کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ۔

اپنے خط میں محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ انٹیلی جنس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ابھی الیکشن کروانا مشکل ہے۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 ضمنتی انتخاب کیلئے امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا گیا۔

ریٹرننگ افسر نے جمشید اقبال چیمہ ،شائستہ پرویز ملک اور اسلم گل سے وضاحت طلب کرتے ہوئے تینوں امیدواروں سے یکم نومبر کو جواب مانگ لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں پینا فلیکس اور بل بورڈز مطلوبہ سائز سے بڑا لگانے پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کو ٹکٹ دیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف شائستہ پرویز ملک کو امیدوار کے طور پر سامنے لائے تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اسلم گل کو حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب کے لئے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔
 

Advertisement