اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم غریبوں کے ہیں اور غریب ہمارے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ملک گیر احتجاج پر جیالوں کو شاباش دیتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی جنگ سے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کر سکتی ہے تو مہنگائی پر بھی قابو پا سکتی ہے ، ہمارے دور میں دو خطرناک سیلاب آئے، انسانی خوراک میں کمی ہوئی نہ مہنگائی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم غریبوں کے ہیں اور غریب ہمارے ہیں، اس لئئے غریبوں کی مشکلات ختم کرتے ہیں، اب ملک کا ہر شہری مہنگائی اور بیروزگاری کا شکار ہے، ہم کسی سے انتقام لینے میں وقت ضائع نہیں کرتے، ہماری ترجیح عوام کی خدمت ہوتی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پھر آئیں گے، برطرف ملازمین کو بحال کریں گے اور روزگار کے وسائل پیدا کریں گے، بلاول بھٹو میدان میں آ چکے ہیں، فتح عوام کی ہوگی، پیپلزپارٹی مہنگائی بھی ختم کرے گی اور عوام میں خوشحالی بھی لائے گی۔