اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ یکساں نصاب تعلیم پی ٹی آئی کا بڑا کارنامہ ہے ،دسمبر تک صحت سہولت کارڈ دے دیئے جائیں گے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر کام اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی۔
بہارہ کہو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ہم نے پنجاب حکومت کے تعاون سے 2 ملین گیلن پانی راول ڈیم سے لیا ، شہر میں 100 نئے ٹیوب ویل لگ رہے ہیں، جبکہ اسلام آباد کے لیے 100 ایم جی ڈی پانی کا منصوبہ 6 ماہ میں شروع ہو جائے گا۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ یکساں نصاب تعلیم پی ٹی آئی کا بڑا کارنامہ ہے،وفاقی دارالحکومت میں 4 نئے کالجز بن رہے ہیں، اسلام آباد میں دسمبر تک صحت سہولت کارڈ دے دیے جائیں گے ، صحت سہولت کارڈ جیسی سہولت امریکہ میں بھی موجود نہیں ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی جبکہ این اے 53 میں 200 بیڈ کا ہسپتال بن رہا ہے۔