لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید اقبال چیمہ نے این اے 133 ضمنی الیکشن پر ریٹرننگ افسر کی طرف سے دیے گئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ میں امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ افسر نے مسترد کر دیئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سینیٹر اعجاز چودھری، جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید اقبال چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ خوشی ہو گی (ن) لیگ خود کہے کہ ہم اپنے اعتراضات واپس لیتے ہیں، (ن)لیگ آئیں،بائیں،شائیں کرنے،تکنیکی وجوہات کے پیچھے چھپنے کے بجائے الیکشن لڑے۔ اعجازچودھری صاحب چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا الیکشن میں حصہ لے، کسی کی کوئی سازش یا بدنیتی نہیں ہے، پارٹی میں ٹکٹ کا فیصلہ جمہوری اندازمیں ہوا۔ اپنی مرضی سے وفاق سے وزیراعظم سے یہ سیٹ مانگ کر الیکشن لڑنے آیا ہوں، جب ٹکٹ کا فیصلہ ہوگیا تو پھر اعجازچودھری نے الیکشن مہم کو لیڈ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک چھوٹا حادثہ ہے، الیکشن کمیشن بڑا حادثہ بنانے کی کوشش نہ کرے، الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے کہاکہ (ن)لیگ ٹیکینکلی وجوہات کے پیچھے چھپنے کے بجائے مقابلہ کرے، تجویز کنندہ کا ووٹ کسی اور حلقے میں منتقل کرنے پرالیکشن کمیشن جواب دے، کس وجہ سے تجویزکنندہ کا ووٹ دوسرے حلقے میں گیا، ہم عدالت جائیں گے،تکنیکی وجوہات کومسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔