اسلام آباد: (دنیا نیوز) کالعدم تنظیم کے احتجاج سے کیسے نمٹا جائے ؟ قومی سلامتی کمیٹی سرجوڑ کر بیٹھے گئی۔ اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر نور الحق قومی سلامتی کمیٹی کو موجودہ صورتحال اور کالعدم تنظیم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی جبکہ قومی سلامتی سےمتعلق دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت رحمتہ اللعالمین اتھارٹی سے متعلق جائزہ اجلاس بھی ہوا۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اتھارٹی کا آرڈیننس جاری ہو چکا ہے، چھ ممبران پر مشتمل بورڈ میں مقامی اور بین الاقوامی اسکالرز شامل ہونگے۔
وزیراعظم نے کہا رحمتہ اللعالمین اتھارٹی بین الاقوامی سطح پر سیرت طیبہ کے پہلوؤں کے عملی زندگی میں اطلاق کو یقینی بنانے اور فرقہ ورانہ تقسیم کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو اور مشیر خزانہ شوکت ترین نے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کو خسارے میں چلنے والے سرکاری یونٹس کی نجکاری کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔