لاہور: (دنیا نیوز) کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے سادھوکی کے مقام پر پولیس پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی۔
کالعدم تنظیم کا پر تشدد احتجاج جاری ہے، گزشتہ روز مبینہ کارکنوں کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی ، گزشتہ روز کالعدم تنظیم کے 4 سے 5 کارکنان کی طرف سے فائرنگ کی گئی، ویڈیو میں کالعدم تنظیم کے کارکنان کو سیدھی فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنان نے ہاتھوں میں اسلحہ تھام رکھا ہے، وقتا فوقتا فائرنگ کرتے رہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے تمام افراد کی گرفتاری کے لئے نادرا سے مدد لی جارہی ہے، گزشتہ روز دو پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے، فائرنگ کس اسلحے سے کی گئی، تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری طرف وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بڑا ایکشن لیتے ہوئےفائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت کےلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کردیں۔
صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والوں کی شناخت کرکے فوری گرفتار کیا جائے، پنجاب میں کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، کالعدم تنظیم کے اراکین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، کالعدم تنظیم کے احتجاج سے پنجاب کے لاکھوں عوام متاثر ہورہے ہیں، احتجاج کی وجہ سے بیماروں، مسافروں اور طلبا و طالبات سمیت عام شہری کئی دن سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، احتجاج کے بجائے پرامن طریقہ اختیار کریں۔