این اے 133 ضمنی الیکشن، جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد

Published On 30 October,2021 04:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ میں امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز ملک کے انتقال کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی جس کے بعد الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار بنایا گیا تھا، شائستہ پرویز ملک مسلم لیگ ن کی امیدوار تھیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلم گل کو میدان میں اُتارا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے نصیر بھٹہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ کا تجویز کنندہ محمد بلال این اے 130 کا رہائشی ہے جبکہ الیکشن این اے 133 میں ہو رہا ہے۔ تائید کنندہ، تجویز کنندہ عدالت عظمی، عدالت عالیہ، الیکشن کمشن کی ججمنٹس موجود ہیں۔ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 60 کے تحت تجویز کنندہ اور تائید کنندہ موجودہ حلقہ کا ہونا چاہیے۔ الیکشن رولز کے تحت جمشید اقبال چیمہ الیکشن لڑنے کےلیے نااہل ہیں۔ جمیشد اقبال چیمہ کے کاغزات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

این اے 133 میں ضمنی الیکشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزد مسترد کر دیئے۔

ریٹرننگ افسر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت چیمہ کے تجویز کنندہ کا تعلق این اے 133 سے نہیں ہے۔

گزشتہ روز این اے 133 ضمنتی انتخاب کیلئے امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔

ریٹرننگ افسر نے جمشید اقبال چیمہ ،شائستہ پرویز ملک اور اسلم گل سے وضاحت طلب کرتے ہوئے تینوں امیدواروں سے یکم نومبر کو جواب مانگ لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں پینا فلیکس اور بل بورڈز مطلوبہ سائز سے بڑا لگانے پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے این اے 133 میں الیکشن ملتوی کروانے کی درخواست دی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط ارسال کیا گیا جس میں ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے این اے 133 کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ۔

اپنے خط میں محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ انٹیلی جنس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ابھی الیکشن کروانا مشکل ہے۔

Advertisement