حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی میں معاہدہ، اسٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس آج ہوگا

Published On 01 November,2021 10:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی کا احتجاج ختم کروانے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے۔ علی محمد خان کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔ اہم فیصلے متوقع ہیں۔

وفاقی وزیر علی محمد خان کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کا جائزہ لیا گیا اور عملدرآمد کیلئے مشاورت کی گئی۔ کمیٹی معاہدہ کے نکات پر قانونی کارروائی مکمل کر کے آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی، اسٹیرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔

خیال رہے علما کے ساتھ مذاکرات کے بعد حکومت کے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے اہم نکات سامنے آگئے۔ معاہدے کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی لانگ مارچ ختم کر دے گی جبکہ آئندہ لانگ مارچ یا دھرنا نہیں دیا جائے گا۔

مذاکرات میں یہ بھی طے پایا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے رہنما سعد رضوی کی رہائی سے متعلق فیصلہ عدالتیں کریں گی، اس معاملے میں حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، کارکنوں کی رہائی قانونی طریقہ کار کے تحت ہوگی۔

معاہدے میں اتفاق کیا گیا کہ کالعدم ٹی ایل پی کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ کالعدم ٹی ایل پی کے کارکن آئندہ پر امن رہیں گے۔

 

Advertisement