اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس آج بلالیا۔ مشاورتی بیٹھک کابینہ اجلاس کے بعد ہوگی، عمران خان کالعدم ٹی ایل پی سے معاہدے اور موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اہم حکومتی فیصلوں سے متعلق اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔
دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹس میرٹ پر دئیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں۔
کالعدم تنظیم کیساتھ معاہدے کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں فساد اور انتشار نہیں چاہتا، مسائل کو ہمیشہ بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی اور کبھی بھی طاقت کے استعمال کا حامی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے مذاکرات ہی واحد حل تھے۔ وزیراعظم نے کور کمیٹی کو عوام کیلئے ریلیف پیکج پر بھی اعتماد میں لیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چودھری اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نوٹسز واپس لے۔ حکومتی اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔