سپریم کورٹ نے چھاتی کے کینسر کے بڑھتے کیسز کا نوٹس لے لیا

Published On 02 November,2021 06:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چھاتی کے کینسر کے بڑھتے کیسز کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے نوٹس دل کے مریضوں کیلئے اسٹنٹس پرلیے گئے ازخودنوٹس کی سماعت کے دوران لیا، عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تمام ہسپتالوں میں چھاتی کےکینسرکے علاج اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنےکا حکم دیا۔

عدالت نے کہاکہ کسی سرکاری ہسپتال میں میموگرافی اور چھاتی کے کینسرکے علاج کی سہولت نہیں، سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیلئے خواتین کے پردے کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے جبکہ ساتھ یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ماہرین پر مشتمل عملے میں خواتین بھی شامل ہوں۔ خواتین کی اکثریت نجی ہسپتالوں سے مہنگا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتی اور خواتین میں چھاتی کےکینسرکی ابتدائی سٹیج پرتشخیص کیلئےکوئی انتظامات نہیں، صرف صاحب حیثیت خواتین ہی مہنگا علاج کرا پاتی ہیں۔

چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ خواتین معاشرے کا 50 فیصد حصہ ہیں، چھاتی کا کینسر خواتین خواتین کو بہت تیزی سے متاثر کر رہا ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت ایک ماہ تک کیلئے ملتوی کردی۔