قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم کا ریلیف پیکج مسترد کر دیا

Published On 04 November,2021 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کا ریلیف پیکج مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا نام نہاد ریلیف پیکج بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

صدر مسلم لیگ نون و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کیا بجٹ دیتے ہوئے نہیں کہا گیا تھا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے ؟ اب قوم سے خطاب پر اعتراف کیا جا رہا ہے کہ پٹرول مہنگا ہوگا، جب پٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی ؟ حکومت کے بجٹ اعدادوشمار ناقابل اعتبار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی کسی بات کو سنجیدہ سمجھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، ملک قرض کے بوجھ میں دب چکا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کا بھرکس نکال دیا، پیکج کے اعلان کے وقت ہی یوٹیلیٹی سٹور پر گھی اور خوردنی تیل 65 روپے لیٹر مہنگا ہونے کا اعلان ہو رہا تھا، ہول سیل مارکیٹ میں چینی 130 روپے کلو سے تجاوز کرچکی ہے، کوئٹہ میں 50 کلو چینی کی بوری میں 270 روپے اضافہ ہوا۔
 

Advertisement