جمشید اقبال چیمہ نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا

Published On 03 November,2021 10:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ نے اپنے کاغذات نامزدگی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرلیا۔

 جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ نے اپنے وکیل قاضی مبین کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ الیکشن ٹربیونل کے روبرو اپیل دائر کی، جس میں کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔

اپیل میں بتایا گیا کی ریٹرنگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، ریٹرننگ آفیسر نے تجویز کنندہ کا تعلق این اے 133 سے نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔ جمشید چیمہ نے اپیل میں دعویٰ کیا کہ تجویز کنندہ بلال حسین کا تعلق اسی یونین کونسل سے ہے۔

درخواست میں تحریک انصاف نے نشاندہی کی کہ تجویز کنندہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل تمام دستاویزات این اے 133 سے ہے، اس لیے ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان اپیل پر سماعت کریں گے۔

یاد رہے ریٹرننگ آفیسر نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔

ریٹرننگ افسر نے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے تجویز کنندہ حلقے کا نہ ہونے کی بنیاد پر کاغزات نامزدگی مسترد کیے تھے۔ مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز کی جانب سے ریٹرننگ افسر کے روبرو اعتراضات دائر کیے تھے۔
 

Advertisement