سعد رضوی کی رہائی پر گلدستہ لیکر جاؤں گا: اعجاز چودھری

Published On 02 November,2021 10:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹراعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی پر گلدستہ لیکر جاؤں گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ حکومتی معاہدہ خوش آئند ہے اور پرامید ہوں کہ معاہدہ جلدی پایہ تکمیل پر پہنچے گا۔ سعدرضوی کی رہائی پرگلدستہ لےکر ملاقات کیلئے جاؤں گا۔ کالعدم تحریک لبیک سے سیاسی معاملات پرگفتگو جلد شروع کریں گے۔

مزید برآں وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے متعلق وزراء کو بیانات دینے سے روک دیا۔

اس سے قبل دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں میزبان کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان الائنس کی باتیں چل رہی ہیں تو اس پر جواب دیتے ہوئے مفتی الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن الائنس کی باتیں کرنے والے اور کالعدم ٹی ایل پی جانیں، یہ میرے ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے، میرے ایجنڈے کا حصہ امن، سلامتی ہے۔

میزبان کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کب تک رہا ہو جائیں گے اس پر جواب دیتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ مجھے امید ہے دس سے بارہ دن تک سارا پراسس مکمل ہوجائے گا۔