اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کل ملک کی سیاسی صورتحال، مہنگائی پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم موجودہ صورتحال پر بدھ کو قوم سے خطاب کریں گے اور قوم کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ مہنگائی کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے حکومت کی اتحادی جماعتوں کی قیادت کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات کرنے والوں میں خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی نمائندگی کی۔
ایم این اے غوث بخش مہر اور آئی پی سی کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی نمائندگی کی جبکہ مسلم لیگ (ق) کی نمائندگی وزیر ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ اور وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے کی۔
ایم این اے خالد مگسی، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی نمائندگی کی اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عوامی مسلم لیگ پاکستان (AMLP) کی نمائندگی کی۔ ایم شاہ زین بگٹی نے جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) کی نمائندگی کی۔
حکومتی وفد میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلا عات فواد چودھری اور ملک محمد عامر ڈوگر شامل تھے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کالعدم ٹی ایل پی سے متعلق وزراء کو بیانات دینے سے روک دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے ہونے والے معاہدے سمیت دیگر اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران اعظم سواتی اور فواد چودھری کو الیکشن کمیشن کے نوٹس کے معاملہ پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر عمران خان نے دونوں وزراء کو ہدایت کی کہ اعظم سواتی، فواد چودھری کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔
ذرائع کے مطابق دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریفارمز لانا آسان نہیں ہے، مشکلات آتی ہیں، مل کر سامنا کریں گے۔