لاہور: (دنیا نیوز) ڈینگی مچھر معصوم بچوں کی بھی جانیں نگلنے لگا۔ چلڈرن اسپتال میں 8 ماہ کا بچہ بھی ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق 8 ماہ کے موسی اسد کی موت ڈینگی سے ہوئی، گزشتہ روز موسی اسد کی رپورٹ مثبت آئی تھی، ڈینگی تشخیص ہونے کے 2 دن بعد ہی 8 ماہ کے بچے کی موت ہوگی۔ لاہور میں موسی اسد ڈینگی سے جاں بحق ہونے والا پہلا بچہ ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں ڈینگی کے حملے تیز ہو گئے۔ پنجاب میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 51 ہو گئی۔ صوبہ بھر سے ڈینگی کے مزید 494 مریض رپورٹ ہوئے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔
لاہور میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 ہزار 347 ہو گئی، صوبے بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 51 ہے۔ پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 15 ہزار 247 مریض رپورٹ ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال بگڑنے لگی۔ صوبے میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہزار 986 ہوگئی جبکہ 8 افراد جاں بحق ہو چکے۔ پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ 3 ہزار 10 ہوگئی۔
اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، مزید 94 مریض رپورٹ ہوئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 737 ہوگئی۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 2 ہزار 140 لوگ ڈینگی کا شکار ہیں۔
حیدر آباد میں صورتحال آوٹ آف کنٹرول ہے، مزید 18 مریض رپورٹ ہوئے، ضلع بھر میں اب تک ڈینگی کے 3 مریض جاں بحق ہوچکے، ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 383 ہوگئی ہے۔