لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے تیز ہو گئے، پنجاب میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 51 ہو گئی، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور حیدرآباد میں بھی ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔
ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ، ہسپتالوں میں مریضوں کا رش، اموات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ پنجاب بھر سے ڈینگی کےمزید 494 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ،فیصل آباد اور ملتان میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ، لاہور میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 11ہزار 347 ہو گئی، صوبے بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 51 ہے، پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 15 ہزار 247 مریض رپورٹ ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال بگڑنے لگی، صوبے میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہزار 986 ہو گئی جبکہ 8 افراد جاں بحق ہو چکے۔ پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ 3ہزار 10ہو گئی۔
اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری، مزید 94مریض رپورٹ ہوئے، وفاقی دارلحکومت میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 737 ہو گئی، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 2 ہزار 1 سو 40 لوگ ڈینگی کا شکار ہیں۔
حیدر آباد میں صورتحال آوٹ آف کنٹرول، مزید 18مریض رپورٹ، ضلع بھر میں اب تک ڈینگی کے 3مریض جاں بحق ہوچکے، ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد383ہوگئی ہے۔