لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ، آشیانہ ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر الگ الگ سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ڈینگی وائرس کا شکار ہیں، امجد پرویز کی موجودگی میں نیب گواہ کا بیان قلمبند کیا جائے۔ عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کی استدعا منظور کرلی۔
شہباز شریف نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اگلے ہفتے قومی اسمبلی کا اجلاس ہے، لمبی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ آپ اجلاس میں ہوں گئے تو حاضری معافی کی درخواست دائر کر دینا۔ عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں نیب کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔