لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اب رات کے اندھیرے میں عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، ابھی زخم بھرے نہیں تھے پٹرول پھر آٹھ روپے مہنگا کر دیا گیا، نیازی صاحب نے جب نوٹس لیا، قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و رہنما مسلم لیگ نون حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں پٹرول 78 روپے فی لٹر تھا، پچھلے دنوں پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا تھا، عمران نیازی کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، عمران خان کو جھوٹ کا تمغہ ضرور ملنا چاہیئے، عمران نیازی قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، ان کے منہ سے ہمیشہ سونامی سنا ہے جس کا مطلب تباہی ہوتا ہے، پاکستان میں فی کس آمدن دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، اپنی انا سے نیچے اتر کر عوام کا احساس کریں، عوام مر رہے ہیں، بنی گالہ کا شہزاد چین کی بانسری بجا رہا ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بنی گالا کا گھر ریگولرائز ہو جاتا ہے غریب کا ٹھیلہ مسمار کر دیا جاتا ہے، داخلی و خارجی محاذ پر پاکستان کو سبکی اٹھانا پڑتی ہے، ایوان وزیراعلیٰ میں سودے بازی سے پولیس افسران تعینات ہوتے ہیں، ملک کی کھسکتی ہوئی معیشت ہاتھ سے جا رہی ہے، عمران خان نوٹس لینا چھوڑ دیں، قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔