لاہور: (دنیا نیوز) این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے معاملے پر الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد جمیل خان نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے طے شدہ اصولوں کی ٹربیونل تشریح نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ ماضی میں جن قانون کے اصولوں کی تشریح کرچکی ہے، الیکشن ٹربیونل اس قانونی اصول کی مزید تشریح کرنے کا مجاز نہیں، جمشید اقبال چیمہ کی اپیل کو مسترد کیا جاتا ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزرا کے وکیل نے بتایا کہ تجویز کنندہ کی والدہ اور بھائی کا ووٹ این اے 133 میں ہے، درخواست گزار بھی ان کے ساتھ اسی رہائش گاہ پر رہتا ہے، تجویز کنندہ کا ووٹ این اے 130 میں ہے، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق تجویز کنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے ہونا لازمی ہے۔
خیال رہے پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے ریٹرننگ افسر کے کاغذات نامزدگی کے فیصلے کے خلاف ٹربیونل سے رجوع کر رکھا تھا۔