لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے وار تیز ہو گئے، پنجاب میں ڈینگی کے باعث مجموعی طور پر 68 افراد جان کی بازی ہار چکے، ادھر اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈینگی کے حملے تیز،ملک بھر میں کیسز میں اضافہ، پنجاب میں مزید 525 مریض رپورٹ، کیسز کی مجموعی تعداد 18,175 ہوگئی، مزید 5مریض دم توڑ گئے۔ پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی، لاہور میں مریضوں میں تیزی سے اضافہ جاری، لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1,524 مریض داخل ہیں۔
اسلام آباد میں ڈینگی سے صورتحال بگڑنے لگی، مزید 11 کیسز رپورٹ،ڈینگی سے متاثرہ تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اموات کی تعداد 17ہو گئی ہے۔ شہری علاقوں میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1ہزار 734 ہو گئی۔
خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری،مزید 247 نئے کیسز رپورٹ، صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے
متاثرہ مریضوں کی تعداد 8090 ہو گئی، ڈینگی سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی ہے، پشاور میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3793 تک پہنچ گئی۔