ملک میں ڈینگی بے قابو ہونے لگا، راولپنڈی میں 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

Published On 04 November,2021 11:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو ہونے لگا۔ راولپنڈی میں دو مریض موذی وبا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیکڑوں نئے مریض بھی سامنے آگئے۔

پنجاب میں ڈینگی کے مزید 462 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ لاہور میں سب سے زیادہ 331 مریض سامنے آئے، راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ دو افراد دم توڑ گئے۔ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 346 ہوگئی۔

اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 98 افراد وبا کا شکار ہوگئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 933 ہوگئی۔

خیبر پختو نخوا میں ڈینگی وائرس کے مزید 227 کیس سامنے آئے۔ پشاور ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 3 ہزار 358 ہے۔ صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار 480 ہوگئی۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے اب تک 8 اموات بھی ہوچکی ہیں۔
 

Advertisement