لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 59 ہو گئی۔ اسلام آباد میں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔
پنجاب بھر سے ایک دن میں ڈینگی کے مزید 526 کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 12 ہزار 424 ہے جبکہ پنجاب بھر سے 16 ہزار 960 کیس رپورٹ ہو چکے، صوبہ بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 59 ہوگئی، لاہور میں مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ، مزید 52 مریض رپورٹ ہوئے، جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، اسلام آباد میں 3 ہزار 985 افراد ڈینگی کا شکار ہیں۔
خیبرپختونخوا میں بھی کیسز میں اضافہ، مزید 180 مریض سامنے آئے۔ صوبہ بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار 660 ہوگئی، صوبے میں ڈینگی سے اب تک 8 اموات ہوچکیں۔