لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ ڈسکہ رپورٹ آ چکی ہے اور اب کارروائی کی جائے، ووٹ چوری ثابت ہوئی اورعمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے؟آپ طاقتور ہیں، خود کو قانون کے نیچے لائیں،نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے کے لئے بڑا دل چاہیے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیان دیا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، پٹرول سمیت اشیائے ضروریہ کی تاریخی مہنگائی کے بعد حکومت تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خرید کر قوم پر مزید ظلم ڈھا رہی ہے ،30 ڈالر سے زائد فی ایم ایم بی ٹی یو کی خریداری ایک اور بڑا اور سنگین سکینڈل ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے مجرمانہ رویے کی قیمت عوام سے وصول کی جائے گی جسے صرف اندھیر نگری چوپٹ راج ہی کہا جا سکتا ہے ،آٹے سے لے کر دوائی، چینی سے لے کر ایل این جی تک کرپشن، نااہلی اور لوٹ مار دکھائی دے رہی ہے جبکہ موجودہ حکومت تحریک لوٹ مار اور فراڈ بن چکی ہے ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرنے کہا کہ تین دن ہوگئے، الیکشن کمیشن کی ڈسکہ رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی؟ کیا اسے این ار او کہا جائے؟ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے کرپٹ ترین قرار پانے والی حکومت چوری کا مال اور اپنی کھال بچانے کے لئے نیب ترمیمی آرڈیننس لائی ایسی دھاندلیاں کرکے پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہیں۔